الیکشن ایکٹ 2017 ء نامزدگی فارم سے شقیں ختم کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 ء میں امیدواروں کے نامزدگی فارم میں شقیں ختم کرنے کے خلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر الیکشن کمشن ، سیکرٹری وزارت قانون ، پارلیمانی امور اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کر دی ہے۔ جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تو درخواست گزار شیخ رشید احمد اپنے وکیل بیرسٹر شرجیل کے ہمراہ فاضل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ بیرسٹر شرجیل نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر ووٹر کو معلومات حاصل کرنے کا اختیار ہے ، الیکشن ایکٹ 2017ء میں نئے فارم میں امیدوار سے کم معلومات طلب کی گئی ہیں ، الیکشن ایکٹ2017 کی شق 60 ، 110 اور 137 آئین کے آرٹیکل 19 کے برعکس ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمشن کو امیدواروں سے تمام معلومات طلب کرنے کی ہدایت کی جائے اور معلومات کے فارم سے نکالی جانے والی شقیق بحال کی جائیں۔ ابتدائی دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کر دی۔