قائمہ کمیٹی سیفران نے فاٹا کے شعبہ وار اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں
اسلام آباد (آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران نے فاٹا کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے شعبہ وار اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں، ارکان کمیٹی نے کہا کہ اپنے علاقے کی بات کرتے ہیں تو فاٹا سیکرٹریٹ والے ناراض ہو تے ہیں، علاقے کے بارے میں فاٹا سیکرٹریٹ کے سامنے رونا پیش کر تے ہیں تو یہ اس پر بھی نا راض ہوتے ہیں، آپ فاٹا کے لوگوں کی بدعائوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں، باجوڑ کے طالب علم کو کراچی میں شہید کیا گیا ہے یہ پہلا واقعہ نہیں ہم اس کی مذمت کر تے ہیں، لوگوں میں مایوسی ہے، کمیٹی کوایچ ای سی حکام نے آگاہ کیا کہ اب تک 65یونیورسٹیوں میں فاٹا طلباء کے لئے سیٹوںکاکوٹا ڈبل ہو گیا ہے جن میں سے 46 پبلک جبکہ 20پرائیویٹ ہیں، 770 سیٹیں پبلک جبکہ 53 سیٹیں پرائیویٹ سیکٹر میں بڑھ گئی ہیں، اسی طرح میڈیکل کالجوں میں 196 سیٹیں فاٹا طلباء کے لئے بڑھ گئی ہیں۔ جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ہلال الرحمان کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر صالح شاہ نے کہا کہ فاٹا میں موبائل ایمبو لینس بسوں کے ٹوٹل 200 ملازمین تھے ، جن میں سے صرف 4لوکل تھے جبکہ 196نان لو کل تھے، آپ ایک دو روز میں مسئلہ حل کر سکتے ہو، فاٹا حکام نے کہا کہ پچھلے سال بسوں کو ڈی سنٹرالائز کر دیا ہے ، جو کام کر ے گا وہ رہے گا، خالی آسامیوں پر مقامی لوگوں کو ہی بھرتی کیا جائے گا، اجلاس میں فاٹا کے کالجز کے اساتذہ کو ہارڈ ایریا الائونس نہ ملنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا، اڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹانے کمیٹی کو بتایا کہ ہارڈ ایریا الائونس کا کانسپٹ فاٹا میں نہیں ہے خیبر پی کے حکومت نے 9اضلاع کو ہارڈ ایریا انائونس کیا ہو اہے، یہ الائونس صرف کالج لیول پر ان اساتذہ کو ملتا ہے جو کہ نان ریزیڈنٹ ہوں گے، فی میل نان لوکل لیکچرر کو مکمل جبکہ میل لیکچرر کو آدھا الائونس ملتا ہے، اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر ایچ ای سی نے کمیٹی کو تعلیمی اداروں میں فاٹا کے طلباء کا کوٹا ڈبل کرنے کے حوالے سے بتا یا کہ کابینہ کی ہدایت کے مطابق ساری یونیورسٹیوں کو خط لکھا گیا، جن میں 36پبلک جبکہ 12 پرائیویٹ یونیورسٹیوں کا جواب آیا کہ انہوں نے کوٹا ڈبل کر دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر مملکت سیفران غالب خان نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری ایجوکیشن جب فاٹاکے دورے پر گئے تو انہوں نے وہاں یونیورسٹیاں بنانے کا اعلان کیا۔ غالب خان نے کہا کہ ہمیں اس کی تفصیلات دیں کہ پارلیمانی سیکرٹری یونیور سٹیاں دے سکتے ہیں یا وزیر اعظم دے سکتا ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ کیا تماشہ ہے، سینیٹر صالح شاہ نے کہا کہ میں اپنے علاقے کی بات کرتا ہوں تو فاٹا سیکرٹریٹ والے ناراض ہو تے ہیں علاقے کے بارے میں فاٹا سیکرٹریٹ کے سامنے رونا پیش کر تے ہیں تو یہ اس پر بھی ناراض ہوتے ہیں، آپ فاٹا کے لوگوں کی بدعائوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں، فاٹا میں اگر 19سکولوں کے پیسوں پر 30 سکول بنا سکتے ہیں اور سب اس پر راضی ہیں تو اس میں کیا حرج ہے۔