ترمیمی ڈرگ ایکٹ کے خلاف فارما ایسوسی ایشن نے 5 مارچ کو ہڑتال کی کال دیدی
لاہور(کامرس رپورٹر) فارما ایسوسی ایشنز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب حکومت کی جانب سے ڈرگ ایکٹ کی ترامیم کو واپس نہ لئے جانے کے خلاف 5 مارچ کو ہڑتال کی کال دیدی۔ گزشتہ روز تمام فارما ایسوسی ایشنز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں کہا گیا کہ ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے سے انحراف کیا گیا ہے۔ اجلاس میں تفصیلی گفتگو اور بحث کے بعد منظوری دی گئی کہ 5 مارچ کو پورے پنجاب میں فارما سیکٹر شٹرڈائون کرے گا۔ تمام میڈیکل سٹورز‘ میڈیسن ڈسٹری بیوٹرز‘ تمام فارمیسی چینز اور فارما مینوفیکچررز اپنا ہر قسم کا کاروبار بند رکھیں گے۔ ڈرگ ایکٹ 2017ء ترمیمی بل کے حوالے سے ایک سال سے زیادہ گزرنے کے باوجود حکومت کی سرد مہری عیاں ہو گئی ہے۔ متعدد میٹنگز ہونے کے بعد ایک متفقہ بل پر معاہدہ ہو چکا تھا مگر اس پر کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہو رہی ہے اور تمام وزراء کے متعدد وعدوں کے باوجود متفقہ بل پنجاب اسمبلی سے منظور نہ کروایا جاسکا۔ ان حالات میں حکومت پنجاب نے ہمیں سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اپنا لائحہ عمل تبدیل کریں۔ موجودہ ڈرگ ایکٹ کے تحت ہم اپنا جائز کاروبار جاری نہیں رکھ سکتے۔