جمشید دستی کی نااہلی‘ جلد کارروائی کیلئے درخواست کی سماعت 8 مارچ کو ہوگی
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایم این اے جمشید دستی کی نااہلی کے لیےدائر درخواست کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے نااہلی کی درخواست 8 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ جسٹس محمد فرخ عرفان نے مظفر گڑھ حلقہ این اے 178 کے ووٹر فاروق احمد خان کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواستگزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جمشید دستی حقائق چھپا کر ایم این اے منتخب ہوئے اور سپریم کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ بھی دیا، درخواستگزار وکیل نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ جمشید دستی صادق اور امین نہیں ہیں اور آرٹیکل 62 اور 63 پر پورے نہیں اترتے۔ عدالت عظمی کے فیصلوں کے مطابق جمشید دستی ایم این اے منتخب ہونے کے اہل نہیں ہیں۔ وکیل نے استدعا کی عدالت جمشید دستی کو نااہل قرار دینے کا حکم دے۔