پاکستان کو واچ لسٹ میں ڈالنے کی خبر بے بنیاد ہے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی واچ لسٹ میں ڈالنے کی خبر کو غلط قرار دے دیا، جمعہ کو پی این سی اے میں سی پیک کلچرل کارواں اور نیشنل آرٹسٹس کنونشن کے حوالے سے پریس بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی فہرست میں ڈالنے کی خبریں درست نہیں، یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے، میڈیا اس حوالے سے خبروں میں۔احتیاط کرے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹویٹ کے ذریعے ان افواہوں کی تردید کی ہے۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ میں نہ ڈالا جانا ،وزیر خارجہ خواجہ آصف اور پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے،اس حوالے سے متعلقہ وزارت سے بھی جلد بیان جاری کیا جارہا ہے۔