چیئرمین نادرا کا عام شہری بن کر قومی شناختی کارڈ بنوانے کی کوشش ناکام
کراچی (سید شعیب شاہ رم ) چیئرمین نادرا عثمان مبین نے گزشتہ روز نادرا کے مراکز پر عام شہری کے طور پر لائن میں لگ کر نادرا ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر نادرا کے عملے کی غفلت سامنے آگئی اورسائٹ میگا سینٹر کے ملازمین نے چیئرمین کو شناخت نہ کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔ دوسری جانب سینٹر پرچیئرمین کی موجودگی میں لاڑکانہ کے درخواست گزار کو عملے کی جانب سے شناختی کارڈ بنانے پر انکار کردیا گیا،جبکہ سائٹ میں واقع نادرا کے میگا سینٹر میں عوام کے بھرپور رش کے باوجود دو کاﺅنٹرز پر عملہ کام نہیں کر رہا تھا جس پر چیئرمین نادرا نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملازمین کو معطل کردیا۔ ترجمان نادرا کے مطابق چیئرمین عثمان مبین کو شہریوں کی جانب سے شناختی کارڈ کے حصول میں نادرا عملے کی جانب سے بلا جواز تنگ کرنے اور کاغذات مسترد کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین نادرا نے شہریوں کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کئے۔اس موقع پر چیئرمین نادرا عثمان مبین کا کہنا تھا کہ شہری ملک کے کسی بھی نادرا سینٹر سے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں، انہوں نے نادرا کے تمام سینٹرز اور ملازمین کو ہدایت کی کہ کسی بھی شہری کی درخواست مسترد یا وصول نہ کرنے والے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے معطل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے زیادہ سے زیادہ تعاون کیا جائے اور بلاجواز عوام کو پریشان نہ کیا جائے۔
چیئر مین نا درا