کراچی جلد ہی پاکستانی فلمی صنعت کا حب بن جائیگا‘وزیراعلیٰ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایشا پیس فیسٹیول کا منشور ’کراچی سب کا‘ درس دیتا ہے کہ صوفیائے کرام کی دھرتی نے ہمیشہ محبت، امان و امان کو فروغ دیا، فلم بھی ملک میں امن و امان کے فروغ کا ذریعہ ہے میری کوشش ہے فلم کی تشہیر کیلئے بہتر اقدامات کروں۔انہوں نے جمعہ کو ایکسپو سینٹر کراچی میں محکمہ ثقافت و سیاحت اور محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے منعقدہ چار روزہ ایشیا پیس فلم فیسٹیول کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے میں ایشیا پیس فلم فیسٹیول کی تقریب کا حصہ ہوں،میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں تمام آرٹسٹ کو جو یہاں پر موجود ہیں، معاشرے میں امن ہو تو وہ معاشرہ ترقی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ18 ویں ترمیم کے بعد فلم صوبائی سبجیکٹ بن چکا ہے، 1950 کراچی فلم انڈسٹری کا گڑھ ہوتا تھا اب کراچی ایک بار پھر فلم انڈسٹری کا حب بننے جارہا ہے کوشش کریں گے کہ سینما سے متعلق پالیسی بنائیں۔ انھوں نے کہا فیسٹیول سے فلم انڈسٹری کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا خوشی ہے پچاس سے زائد ممالک نے فیسٹیول میں حصہ لیا، اس فیسٹیول سے فلم انڈسٹری کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، امید ہے یہ فلمیں امن کو فروغ دیں گی۔ انھوں نے فلم فیسٹیول میں دکھائی جانیوالی فلموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن ہوگا، آرٹ اور فن کے ذریعے نوجوانوں میں صلاحیتیں مزید ابھریں گی اور بیرون ممالک سے آئے مندوبین بھی اس فلم فیسٹیول سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔کراچی سب کا۔ایشیا پیس فلم فیسٹول نمائش 23 سے 26 فروری تک جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ