حکومت نے کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی بنا رکھی ہے: پرویز ملک، عمران نذیر
لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری و پرائمری ہیلتھ کیئر کے وزیرخواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی۔ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قابل ستائش اقدامات سمیت شفافیت و میرٹ کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت نے شفافیت کو ہر سطح پر فروغ دیا ہے۔ درجہ بندی میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کرپشن کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ چند سیاسی اندھوں کے سوا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے عوام عام انتخابات میں بھی دھرنوں، لاک ڈاﺅن، کنٹینر سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر میاں مرغوب احمد، چوہدری شہباز ایم پی اے، سید توصیف شاہ، ڈاکٹر اسد اشرف، تنویر ضیا بٹ، عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار، چوہدری جاوید اقبال، ڈسٹرکٹ ممبر سمیرا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔