سپریم کورٹ نے مشیر سیاحت خیبر پی کے عبدالمنعم خان کو نااہل قرار دیدیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبرپی کے کے انتخابی حلقہ پی کے 88 شانگلہ سے تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی اور مشیر سیاحت عبدالمنعم خان کو عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر عبدالمنعم خان کی انتخابات میں کامیابی کو ڈی نوٹیفائی قرار دیں۔ حلقہ سے مخالف امیدوار شیر عالم جن کا تعلق جے یو آئی (ف) سے تھا نے عبدالمنعم خان کی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ وہ ایک طرف رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے مراعات وصول کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب بطور ٹیچر تنخواہیں وصول کرتے رہے اور اب ریٹائرمنٹ کے بعد سے پنشن وصول کررہے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے عبدالمنعم کو نااہل قرار دیا تھا جس پر عبدالمنعم نے پشاور ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی، ہائیکورٹ نے عبدالمنعم کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رکن صوبائی اسمبلی بحال کردیا تھا۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف مخالف امیدوار شیر عالم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عبدالمنعم/ نااہل