عدالتی فیصلہ خوش آئند‘ قوم کو معلوم ہونا چاہئے کس نے کتنا ٹیکس دیا‘ شیخ رشید
اسلام آباد (وقائع نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کو اپنی آئینی حیثیت سمجھنی چاہئے، سینیٹ کے فارم سے 19نکات نکال دیئے گئے ہیں ، ہم 9 نکات کی نشاندہی کر رہے ہیں جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہم قانونی جنگ جیت چکے ہیں۔ جمعہ کو شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے خوش آئند ہے ، قانونی جنگ ہم جیت چکے ہیں ، سیاسی پارٹیاں جلسہ جلسہ اور ٹی وی ٹی وی کھیلتی ہیں مگر آئینی ذمہ داریاں نہیں سمجھتیں ، انہیں اپنی آئینی ذمہ داری سمجھنی چاہئے ، سینیٹ فارم سے19پوائنٹ نکال دیئے ہیں جن میں نیشنیلٹی بھی شامل ہے ، 9پوائنٹ ہم سامنے لے کر آئے ہیں ، ہم الیکشن روکنے کی بات نہیں کر رہے ، لوگوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ کس سینیٹر نے کتنا ٹیکس دیا ، وہ کہاں کا رہنے والا ہے اور کیا ہے ، سارے فارم ساری پارٹیوں نے مل کر بدلے ہیں ، ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کے وقت بھی ساری پارٹیاں ملی ہوئی تھیں صرف عوامی مسلم لیگ اس میں شامل نہیں تھی۔
شیخ رشید