میٹرو منصوبے کے تمام ٹرین سیٹ چین سے پاکستان روانہ کر دئیے گئے: خواجہ احمد حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ میٹرو ٹرین کے تمام 27ٹرین سیٹ چین سے پاکستان روانہ کرد یئے گئے ہیں ۔15سیٹ لاہور پہنچ چکے ہیں ‘چار سیٹ کراچی سے لاہور بھجوادیئے گئے ہیں جبکہ باقی آٹھ بحری جہاز کے ذریعے بہت جلد پاکستان پہنچ جائیں گے ۔جی ٹی روڈ پر شالامار باغ جبکہ میکلوڈ روڈ پر لکشمی چوک کے قریب ٹرین کے ٹریک کی تعمیر اگلے ہفتے مکمل ہو جائے گی ۔ ڈیرہ گجراں میں میٹر و ٹرین کے ڈپو میں سڑکوں پر اسفالٹ کی تہہ بچھانے کے ساتھ ساتھ ہارٹی کلچر کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔رنگ روڈ سے محمود بوٹی تک جی ٹی روڈ پر بھی اسفالٹ بچھایا جا رہا ہے۔وہ گزشتہ روز ڈیرہ گجراں ڈپو کے دورے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے ۔
حکم امتناعی کے باعث متاثرہ مقامات گلابی باغ اور بدھو کے مقبرے کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جی پی او سٹیشن کی پہلی سلیب کے لئے کنکریٹ بچھانے کی خاطر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔