زرپرست سیاستدانوں اور حکمرانوں نے ملک مسائل کی آماجگاہ بنا دیا: نعیم طاہر
لاہور (خصوصی رپورٹر) آل پاکستا ن مسلم لےگ کے مرکزی سینئر نائب صدر نعیم طاہر نے کہا ہے کہ زرپرست سیاستدانوں اور حکمرانوں نے عزم و ہمت کی علامت پاکستان کو سنگین مسائل کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ گزشتہ روز صوبائی آفس میں منعقدہ تنظیمی میٹنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے نعیم طاہر نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود سے نابلد موجودہ حکمرانوں کے سائے میں آزادی اور خود مختاری کا فقدان جان و مال اور عزت کے عدم تحفظ‘ انصاف کی ناکامی اور انسانی حقوق کی پامالی اپنی آخری حدود کو چھو رہی ہیں۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ہمارا معاشرہ صوبائی‘ علاقائی‘ لسانی اور مذہبی فرقہ وارانہ عصبیتوں کا شکار ہوکر رہ گیا۔ ایوان میں بیٹھے کسی عوامی نمائندے کو توفیق نہیں کہ وہ 18 کروڑ غریب عوام کے حقوق کی بات کر سکے۔