اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ قیمت سے زیادہ اہم کورونا ویکسین کا مکمل محفوظ ہونا ہے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نےاہم پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین خریداری کے لیے کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوا،ویکسین کی پاکستان میں درآمد پیچیدہ اور اہم معاملہ ہے،کمیٹی کا ٹارگٹ ہے کہ بہترین ویکسین کم قیمت پر پاکستان میں جلد از جلد مہیا ہو سکے،قیمت سے زیادہ اہم کورونا ویکسین کا مکمل محفوظ ہونا ہے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بے قابو ہو گئی ہے اور گزشتہ24گھنٹوں میں کورونا کے2ہزار 256نئےکیسز سامنےآگئے جس کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد4لاکھ 65ہزار70 ہوگئی جبکہ ایک دن میں کورونا سے ریکارڈ111افراد انتقال کرگئے،جس کے بعد ملک میں کورونا سےانتقال کرنیوالوں کی تعداد9ہزار668ہو گئی۔