نواز شریف واپس آ گئے، پارٹی کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو بلانے کا فیصلہ

24 دسمبر 2009
لاہور (خواجہ فرخ سعید سے) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وطن واپس آتے ہی پارٹی کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس یوم عاشور کے دو روز بعد بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کے چند روز بعد ہی چاروں صوبوں کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے جن میں ضلعی آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ پارٹی انتخابات نچلی سطح سے اوپر تک ہوں گے۔ ضلعی آرگنائزنگ کمیٹیاں ضلع سطح کے انتخابات کی نگرانی کے علاوہ صوبائی جنرل کونسل کے ممبران کا انتخاب بھی کرائیں۔ بعدازاں صوبائی تنظیموں کے انتخابات ہوں گے اور آخر میں مرکزی تنظیم کا الیکشن ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی انتخابات کا عمل مارچ میں مکمل ہو جائیگا۔ قبل ازیں میاں نواز شریف بدھ کی صبح لندن سے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے ہمراہ لاہور پہنچے تو لاہور ائر پورٹ پر ان کا استقبال وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ‘ میاں نواز شریف کے سیکرٹری ڈاکٹر آصف سعید کرمانی‘ سابق مشیر وزیراعلی سعید مہدی اور نصیر بھٹہ ایم این اے نے کیا۔