A PHP Error was encountered

Severity: Notice

Message: Undefined index: category_data

Filename: frontend_ver3/Templating_engine.php

Line Number: 35

جہانگیر بدر احتساب عدالت میں پیش‘ ضمانت منظور‘ پی پی کارکنوں کے نعرے

24 دسمبر 2009
لاہور (اپنے نامہ نگار سے/ کلچرل رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک/ جی این آئی) احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر کے خلاف ریفرنس کی سماعت 13جنوری تک ملتوی کر دی اور انہیں ہدایت کی ہے کہ 20لاکھ روپے زرضمانت دوبارہ جمع کرائیں۔ لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران جہانگیر بدر نے مﺅقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف ریفرنس بے بنیاد ہے اور ورکروں کو نوکریاں دینا کوئی جرم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے سرکاری وسائل استعمال نہیں کرے گی بلکہ میرٹ پر عدالتیں انہیں بے گناہ قرار دیں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ عدالتوں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں اس لئے عدالتوں کے اندر اور باہر کسی قسم کی بدمزگی پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا این آر او سے کوئی تعلق نہیں ہم انصاف چاہتے ہیں ہلہ گلہ نہیں۔ لاہور میں نیب کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو اور فلم سٹار زری کے گھر مجلس عزا کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر بدر نے کہاکہ پیپلزپارٹی عدلیہ کا احترام کرتی ہے اور انصاف چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این آر او وہ لوگ لائے جنہوں نے کہا رات گئی بات گئی۔ جہانگیر بدر نے کہاکہ مجھ پر مقدمے مشرف دور میں بنائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے رہنماﺅں کا احترام کرنا چاہئے‘ احترام کرنے سے ہی مفاہمت کا عمل آگے بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی محاذ آرائی جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔ جہانگیر بدر پیشی کے لئے آئے تو سکیورٹی اہلکاروں کی شدید کمی کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے درجنوں کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے احاطہ عدالت میں داخل ہو گئے‘ چند جیالوں نے عدالتی احاطہ میں آکر اپنی پارٹی کے جھنڈے کھول لئے اور نعرے بازی شروع کی تو سکیورٹی اہلکاروں نے بڑی مشکل سے انہیں باہر نکالا بعدازاں تھانہ ریس کورس سے مزید نفری آئی جنہوں نے باہر کھڑے ورکروں کو کنٹرول کیا۔ اس موقع پر عدالتوں کے باہر سڑک پر پارٹی ورکروں کی خاصی تعداد جمع ہو گئی اور جہانگیر بدر کے تاریخ پیشی سے فارغ ہو کر آنے پر انہوں نے ”زندہ ہے بی بی زندہ ہے“ ،زندہ ہے بھٹو زندہ ہے“ ”شیر ببر شیر ببر جہانگیر بدر جہانگیر بدر “اور” ایک زرداری سب پہ بھاری“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ جہانگیر بدر احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لئے آئے تو سابق اٹارنی جنرل سردار لطیف خان کھوسہ کے بیٹے خرم لطیف کھوسہ ،منیر احمد خان،سابق جسٹس پرویز عنایت ملک اور پیپلز لائز فورم کے شکیل پاشا سمیت درجنوں وکلاءان کے ہمراہ تھے جبکہ پرویز عنایت ملک اور دیگر دو سینئر وکلاءنے اپنے وکالت نامے عدالت میں داخل کرائے۔