زرداری کیخلاف بات کرنیوالوں کی زبانیں کھینچ لیں گے‘ اسلام آباد میں خواتین کی ریلی

24 دسمبر 2009
اسلام آباد (ریڈیو نیوز) صدر آصف علی زرداری کی حمایت میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی طرف سے اسلام آباد میں سینیٹر سعیدہ اقبال اور نرگس فیض ملک کی زیرقیادت ”تحفظ جمہوریت یک جہتی ریلی “ نکالی گئی جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ انہوں نے بینرز‘ پلے کارڈ اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ صدر آف زرداری کی حمایت میں نعرے لگا رہی تھیں۔ ریلی کے شر کا اسلام آباد کے پریڈ چوک پہچنے جہاں خطاب کرتے نرگس فیض ملک نے کہا کہ پارٹی قیادت کے خلاف زبان درازی کرنے والے خاموش ہوجائیں ورنہ ان کی زبانیں کھینچ لی جائیں گی مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اپنے ایم پی ایز کو صدر زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے روکیں۔ ریلی سے خطاب کرتے سعیدہ اقبال نے کہا کہ صدر آصف زرداری پر بیجا الزامات لگانے والوں کو جواب دینے کیلئے ریلی نکالی گئی ہے۔ پاکستانی عوام کی ترقی کیلئے کام کرنے کے باوجود حکومت کو بیجا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایم این اے امیش لال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جب بھی آتی ہے اس کے خلاف سازشیں شروع ہ جاتی ہیں اور ہمارے مخالفین کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں۔