افضل سندھو ریلوے‘ مہرین راجہ قانون انصاف و پارلیمانی امور کی وزیر مملکت مقرر

24 دسمبر 2009
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + اے پی پی) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے دو وزراءمملکت کے محکموں میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ چار وفاقی سیکرٹری بھی تبدیل کردیئے۔ وزیرمملکت برائے قانون وانصاف افضل سندھو کو وزیر مملکت برائے ریلوے اور پارلیمانی امور کی وزیر مملکت مہرین انور راجہ کو قانون وانصاف کی وزیرمملکت بنا دیا جبکہ قانون وانصاف ، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق ڈویژن کے سیکرٹریوں کو تبدیل کردیا ہے۔ وزیراعظم ہاﺅس سے جاری بیان کے مطابق جسٹس (ر) محمد عاقل مرزا کو سیکرٹری قانون انصاف وپارلیمانی امور جبکہ سیکرٹری قانون وانصاف جسٹس (ر) ریاض کیانی کو سیکرٹری انسانی حقوق ڈویژن لگایا گیا ہے۔ سیکرٹری انسانی حقوق ڈویژن محمد فرید خان کو پاکستان سائنس فاﺅنڈیشن کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔ اسی طرح پارلیمانی امور کی وزارت کو وزارت قانون وانصاف میں ضم ہونے کی بناءپر سیکرٹری پارلیمانی امور حفیظ الرحمن کو بھی سیکرٹری سیاحت تعینات کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔