حکومت نے کاٹن یارن پر 5 فیصد درآمدی ڈیوٹی ختم کر دی

24 دسمبر 2009
اسلام آباد (مانیٹرنگ سیل) حکومت نے کاٹن یارن پر عائد پانچ فیصد درآمدی ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں وزارت ٹیکسٹائل میں کاٹن یارن کے بڑھتے ہوئے بحران کے حوالے سے کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے ٹیکسٹائل کا اجھلاس ہوا جس میں ویلیو ایڈڈ سیکٹر کو یارن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اس کی درآمد پر عائد پانچ فیصد ڈیوٹی ختم کر دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں کاٹن یارن کی برآمد کی اجازت برآمدی سودوں کی یقین دہانی کے بغیر نہیں ہو گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کاٹن یارن کی برآمد کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر ایک ماہ کے دوران 50 ہزار ٹن سے زائد کاٹن برآمد ہوئی تو آئندہ مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ٹیکسٹائل رانا فاروق سعید خان نے کہا کہ کاٹن یارن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ویلیو ایڈڈ سیکٹرز کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔