وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی ملاقات، عوامی مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ کی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سول سیکرٹریٹ میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کے حوصلہ افزا ء نتائج سامنے آئے ہیں۔ اپوزیشن نے کورونا پر منفی سیاست کرکے اپنی رہی سہی ساکھ بھی خراب کی۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سابق دور کی خرابیاں درست کر رہے ہیں۔اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوف زدہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے،ماضی میں ترقی نہیں شو بازی ہوتی تھی۔
تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔سازشی عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔ بے بنیاد الزامات لگانے والے ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ ایسے عناصر ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو بے پناہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔ نئے پاکستان میں مفاد پرست لوگوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔شعبدہ بازی کا دور گزر چکا اور لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی۔ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔پروپیگنڈہ کرنے والے شفاف پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے سفر کو کھوٹا کرنا چاہتے ہیں۔مخالفین کی تنقید برائے تنقید کی کوئی پرواہ نہیں۔ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ دو برس قبل شروع ہونے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔سازشی عناصر ناکام تھے، ناکام ہیں، ناکام رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسترد شدہ سیاست دانوں کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔پاکستان کے باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء سردار محمد آصف نکئی، ملک محمد انور، محمد سبطین خان، رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑ، اراکین صوبائی اسمبلی احمد شاہ کھگہ، میاں محمد فرخ ممتاز مانیکا، چودھری محمد نعیم ابراہیم، محمد لطاسب ستی، نذیر احمد چوہان، محمد اشرف خان رند، محمد عون حمید، فتح خالق، محمد عامر نواز خان، چوہدری اشرف علی انصاری،چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ اور دیگر شامل تھے۔چیف وہپ ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس بھی اس موقع پرموجود تھے-