اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی,کشمیر کا معاملہ 5 سے 6 ماہ میں آرپار ہوجائے گا:شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یقین ہے کہ مودی حملہ نہیں کرسکتا اور اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولا کوٹ کی تحصیل دھیرکوٹ کے علاقہ نیلا بٹ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 20 دن سے کرفیو نافذ ہے، وہاں نہ تو اشیائے خوردونوش ہے اور نہ ہی ادویات، بھارت نے وادی کشمیر پر قبضہ کرلیا ہے، آج نہ لائن آف کنٹرول ہے اور نہ ہی شملہ معاہدہ، کشمیر پرسلامتی کونسل کی قراردادتو ختم ہوچکی، مودی کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ دوبارہ اجاگرہوا، ساری دنیا کا میڈیا ہٹلرمودی کیخلاف ہوتا جارہا ہے، سری نگر کی آواز پاکستان کی آوازہوگی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سینئر سیاسی کارکن ہوں، واجپائی کے ساتھ مذاکرات میں بھی شامل تھا، میں عسکری نہیں سیاسی ماہر ہوں اور کشمیر کی سیاست مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا، سری نگر کی گلی گلی جانتا ہوں، دنیا جان لے کشمیری قوم، فلسطینی اور بوسنیا کی قوم جیسی نہیں۔شیخ شید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے بند ہوگئے ہیں اور میں اس فیصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، 72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کیلئے تیار ہوئی ہے، ہمیں دھوکے میں نہیں آنا،ہماری نظر اللہ کی مدد پر لگی ہونی چاہیے، یقین ہے کہ مودی حملہ نہیں کرسکتا، اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو یہ آخری جنگ ہوگی۔ جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پرگھاس نہیں اگے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اب حل ہونا ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کشمیر پر بین الاقوامی پالیسی اپنائی ہے، وہ سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک 2 ماہ میں آر پار ہوجائے گا جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ مارچ تک کا وقت دنیائے سیاست کے لیے بہت اہم ہے اور کشمیر کا معاملہ 5 سے 6 ماہ میں آرپار ہوجائے گا، فیصلے کا وقت آگیا تو بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا۔ چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے، ہمیں بھی چین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کیونکہ چین آزمودہ دوست ہے۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی کا رشتہ سرینگر کے لا ل چوک سے ہے یہ وقت بتائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قراردوں سے 72سال تک کشمیری اپنا خون دے رہا ہے، 72سالوں سے کشمیری عذاب کی زندگی گزار رہا ہے ، 72سالوں سے کشمیر ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔ اگر میانداد ایک چھکا لگاتا ہے اور بھارت کو کرکٹ میں شکست ہوتی ہے تو سرینگر میں چھ کشمیری شہید ہو جاتے ہیں اس خوشی میں کہ پاکستان جیت گیا۔