سوشل سیکیورٹی حیدرآباد اسپتال کا کیشئر ملازمت سے برطرف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن نے سوشل سیکورٹی حیدرآباد ہسپتال کے کیشیئر محمدعلی سومرو کو جرم ثابت ہونے پر ملازمت سے فوری برطرف کردیا ہے۔ ملزم پر الزام تھا کہ اس نے ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں سے انکم ٹیکس کٹوتی کی ساڑھے 30لاکھ روپے سے زائد رقم اپنے ذاتی اکانٹ میں منتقل کردی تھی جس سے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ قبل ازیں ملزم محمد علی سومرو کو ذاتی حیثیت میں صفائی کا موقع دیا گیا۔ جس کے دوران اس نے نہ صرف اپنے جرم کا اعتراف کیا بلکہ کہا کہ وہ یہ کام 2015 سے کررہاہے۔قبولِ جرم اور جرم ثابت ہونے پر مجاز اتھارٹی، کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے E&D رولز1973 کے سیکشن 4 کے سب سیکشن 1 کی دفعہ (بی) سب کلاز (iv) کے تحت سوشل سیکورٹی ہسپتال کے کیشیئر محمدعلی سومرو کو ملازمت سے فوری طور پر برطرف کردیا جبکہ سوشل سیکورٹی حیدرآباد ہسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ کیشیئرمحمدعلی سومرو کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرائی جائے تاکہ محکمہ اینٹی کرپشن کے ذریعہ غبن شدہ رقم وصول کرائی جاسکے۔