محکمہ انٹی کرپشن سندھ نے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کے کیخلاف انکوائری شروع کر دی
کراچی ( نیوز رپورٹر ) اینٹی کرپشن سندھ نے انٹر بورڈ کے چیئرمین انعام احمد پر امتحانی کاپیوں میں نمبر بڑھانے پر مجبور کرنے کے الزام پر انکوائری کا آغاز کردیا، چیئرمین انعام احمد ، ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی اور ڈپٹی ناظم امتحانات اسلم چوہان کو جمعہ کے روز اینٹی کرپشن اسٹیبلیشمنٹ شرقی زون IIIطلب کیا گیا تھا اہم چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد غیر حاضر رہے ،جبکہ ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی اور ڈپٹی ناظم امتحانات اسلم چوہان سے اینٹی کرپشن نے خاتون پرنسپل گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج گلشن اقبال بلاک 7کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے سوالات پوچھے۔ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے اینٹی کرپشن کو بتایا کہ چیئرمین میٹنگ میں گئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ حاضر نہیں ہوسکتے جس پر اینٹی کرپشن نے چیئرمین انٹر بورڈانعام احمد کی آئندہ حاضری یقینی بنانے کی تاکید کی۔ اینٹی کرپشن کے ذرائع کے مطابق تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں اِس وجہ سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔