کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی پر جے یوپی کے سندھ بھر میں مظاہرے
کراچی( نیوزرپورٹر ) جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدر صاحبزادہ مفتی افتخاراحمدمجددی کی ہدایت پر سندھ بھر میںبھارت کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی کے خلاف اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مفتی افتخاراحمدمجددی نے مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری مسلمانوں سے ہمارا کلمے کا رشتہ ہے ،اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لئے بھارتی دہشت کے خلاف ہر مسلم نوجوان، بچہ اور بوڑھا پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑاہے،ملک و قوم اور کشمیرکے مسلمانوں کے لیے پاک فوج کے ساتھ مل کرجہادکے لیے تیارہیں۔انہوں نے بھارت میں ہندوانتہاپسندی اورلائن آف کنٹرول پربھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج جہاد کا اعلان کرے انشاء اللہ پوری قوم سروں سے کفن باندھ کر نکلے گی، ہماری جانیں پاکستان اور کشمیر کے لیے حاضر ہیں اور پاک فوج کی سرپرستی میں دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنادیں گے۔ احتجاجی مظاہروں میں کارکنان جمعیت اور دیگر اسلامیان پاکستان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔