سری لنکن ٹیم پاکستان میں ون ڈے ، ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی: شیڈول جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکا کرکٹ نے آئندہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔سری لنکا نے رواں سال پہلے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچوں کیلئے اکتوبر میں پاکستان آنا تھا تاہم اب دونوں ممالک کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز جبکہ دوسرے حصے میں دسمبر میں ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔سیریز میں ردوبدل کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا نے ٹیلیفون پر گفتگو میں کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر کے درمیان پاکستان میں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو تین ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔ دوسرے کے اگلے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں 5، 7 اور 9 اکتوبر میں قذافی سٹیڈیم میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی مکمل واپسی کیلئے سری لنکا کرکٹ نے کافی مدد کی ‘ چیت کے نتائج سے انتہائی خوش ہیں۔ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو طے کرنے سے قبل محدود اوورز کے میچوں میں شرکت سے سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کا اندازہ ہوگا۔ وہ مثبت رویے پر سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا ، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں‘سری لنکا ٹیم کو صدارتی سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ شامی سلوا نے کہا کہ دونوں بورڈ زکے کرکٹ تعلقات اور دوستی کی طویل تاریخ ہے اور اس فیصلے سے یہ تعلق مزید مضبوط ہو گا۔ سری لنکن کرکٹ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے اور ہماری نظریں کراچی اور لاہور میں ون ڈے اور ٹی20 میچز پر مرکوز ہیں۔