ملکی عدم استحکام بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے تشویشناک ہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے مدینہ منور ہ میں برطانیہ اور کینڈا کے پاکستانی نژاد ماہرین معیشت نے ملاقات کی۔ماہرین معیشت نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے بے پناہ محبت ہے ۔پاکستان کا اندرونی عدم استحکام بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے شدید پریشانی کا باعث بنتا ہے ۔قومی سلامتی کیلئے سیاسی اور اقتصادی استحکام کے جو تقاضے ہیں حکومت ان پر پورا نہیں اتررہی ۔عمران خان کے حکومت میں آنے کے بعد بڑی توقعات تھیں لیکن حکومت نے ابتداء میں ہی اقتصادیات کی حکمت عملی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ٹیم کے حوالے کردی ۔پاکستان اپنا معاشی مقدمہ بہت ہی کمزوری سے لڑرہا ہے ۔ایف اے ٹی ایف کی طرف سے آنے والی رپورٹس تشویشناک ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے اندر بڑا پوٹینشل ہے ۔خود انحصاری کیلئے تمام مواقع اور عوامل موجود ہیںلیکن مسلسل قرضوں اور امداد کی وجہ سے پاکستان کا اقتصادی سٹرکچر دبائو میں آگیا ہے۔عوام کے لئے یہ امر حیران کن ہے کہ حکومت اور ریاست ایک پیج پر بھی ہے لیکن پاکستان کے خلاف خوفناک اقدامات کے سد باب میں حکومت ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی سیاسی محاذ پر عوامی اعتماد کی بحالی اور اندرون و بیرون ملک محب وطن ،اہل اور معیاری افرادی قوت کو منظم کرنے کی جدوجہد کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی برادری کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔