ایف بی آر نے ہائوسنگ سوسائٹیوں سے 2 کنال اور زائد کے پلاٹ خریدنے والوں کی تفصیلات مانگ لیں
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ہائوسنگ سوسائٹیوں سے 2کنال اور اس سے زائد رقبے کے پلاٹ خریدنے والوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ ایف بی آر کی جانب سے لاہور کی 42ہائوسنگ سوسائٹیوں کی انتظامیہ سے 2کنال اور اس سے زائد رقبے کے پلاٹ خریدنے والوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ تفصیلات ملنے پر خریداروں کے ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے بارے چھان بین کر کے نوٹسز جاری کئے جائیںگے۔ ایف بی آر کے دفاتر میں ٹیکس گزاروں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنے اور سہولیات یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ تمام چیف کمشنرز کو جاری کئے گئے سرکلر کے مطابق ٹیکس گزاروں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنے سمیت بیٹھنے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹیکس گزاروں اور کنسلٹنٹس کی گاڑیاں دفاتر کے احاطے میں پارک کرنے کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں۔ ٹیکس دفاتر کی سکیورٹی کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے۔