بابا بلھے شاہؒ کے 262 ویں عرس کی سہ روزہ تقریبات آج سے شروع
لاہور‘ قصور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی شاعر سید عبداﷲ شاہ المعروف حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 262 ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کا آغاز آج 2:00 بجے سہ پہر، قصور میں رسمِ چادر پوشی سے صاحبزادہ پیر سید سعید الحسن شاہ صوبائی وزیر، ذوالفقار احمد گھمن سیکرٹری، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب اور ڈپٹی کمشنر اظہر حیات کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں زائرین اور عقیدت مندوںکی کثیر تعداد شرکت کی سعاد ت حاصل کرے گی‘ دربار پر عالمی بلھے شاہ کانفرنس انعقاد پذیر ہوگی جس میں دنیا بھر سے عظیم سکالرز خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ واضح رہے محکمہ اوقاف پنجاب زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ جس کے لیے 3 لاکھ 53 ہزار روپے عرس گرانٹ مختص کی گئی ہے۔ قصور میں نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عرس حضرت بابا بلھے شاہ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرکے ماسٹر پلان جاری کر دیا گیا ہے‘ 1200 پولیس افسر و اہلکار تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ تقریبات کے دوران محفل سماع‘ مشاعرہ‘ ہیرگائیکی‘مجلس بلھے شاہ سمیت درجنوں محفلیں اور پروگرامزکا انعقاد ہوگا۔