ریلوے ٹریک پر تعمیرات کیخلاف درخواست پر سروے سپرنٹنڈنٹ ذاتی حیثیت میں طلب
کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سرکلر ریلوے کی اراضی پر قبضے سے متعلق سفاری پارک کے درمیان سے گزرنے والے ریلوے ٹریک پر تعمیرات کیخلاف درخواست پر سروے سپرنٹنڈنٹ بورڈ آف ریونیو کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس سید اظہر حسن رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو سرکلر ریلوے کی اراضی پر قبضے سے متعلق سفاری پارک کے درمیان سے گزرنے والے ریلوے ٹریک پر تعمیرات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار سماجی تنظیم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سفاری پارک کے درمیان سے گزرنے والے ریلوے ٹریک کی اراضی پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ کے ایم سی کے وکیل سمیر غضنفر نے موقف دیا کہ 4 ایکٹر اراضی سفاری پارک کی ملکیت ہے۔