چیئرمین پیمرا سلیم بیگ کا ریجنل دفاتر فیصل آباد اور سرگودھا کا دورہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل دفاتر فیصل آباد اور سرگودھا کا دورہ کیا۔ چیئرمین پیمرا کو دونوں ریجنل دفاتر کی لائسنسنگ، قوانین کے نفاذ، انڈین چینلز کے خلاف کاروائی اور دیگر عملی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس دورے کے موقع پر چیئرمین پیمرا نے سرگودھا، چنیوٹ، بھکر، خوشاب، جھنگ، فیصل آباد، میانوالی ٹوبہ ٹیک سنگ اور ننکانہ کے کیبل آپریٹرز کے وفودسے ملاقاتیں کیں اور حالیہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں انڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق بنانے کی تلقین کی اور متنبہ کیا کہ پیمرا انفوسمنٹ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کیبل نیٹ ورکس پر غیرقانونی چینلز دکھانے کیلئے استعمال ہونے والے آلات قبضے میں لے رہی ہیں۔ اس موقع پر تمام کیبل آپریٹرز اور یونین کے عہدیداران نے بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مہم میں پیمرا کا بھرپور ساتھ دیں گے۔مزیدبرآںچیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرزکے نمائندگان کو اُن کے جا ئز مطالبات کو پوراکرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل( ایڈمن) حاجی آدم، جنرل منیجر (میڈیاو تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر،سیکریٹری ٹو اتھارٹی فخر الدین مغل و دیگر پیمرا افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔