بھارت نے واقعی دہشتگردی کیخلاف کچھ نہیں کیا
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں کچھ بھی نہیں کیا جبکہ پاکستان نے بہت کم کیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کو افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف لڑنا ہوگا۔
نائن الیون کے بعد دہشت گردی کیخلاف امریکہ نے اس خطہ میں جو جنگ شروع کی اس میں پاکستان نے فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ادا کرتے ہوئے امریکہ کی اس جنگ کو اپنے گلے ڈال لیا‘ جس کے بعد یہ سراسر پاکستان کی اپنی بقاء کی جنگ بن گئی جس میں عساکر پاکستان نے کامیاب اپریشنز کرکے بھارت کے تربیت یافتہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کی کمر توڑ دی۔یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ پاکستان نے اپنی استعداد سے بڑھ کر دہشت گردی کی جنگ میں اپنا کردار ادا کیا‘ جس کی دنیا معترف ہے جبکہ امریکہ ہمیشہ پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنا سارا وزن بھارت کے پلڑے میں ڈالتا رہا ہے اور پاکستان سے ڈومور کے تقاضے کرتا رہا ہے۔ دہشت گردی کی اس جنگ میں جتنا نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے‘ اتنا امریکہ کی اتحادی افواج کا بھی نہیں ہوا ۔اسکے باوجود صدر ٹرمپ کو اس جنگ میں پاکستان کا کردار کم نظر آتا ہے جو پاکستان کے خلوص اور نیت پر شک کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان نے کئی کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کی جنگ میں اپنا کردار مخلصانہ انداز میں ادا کررہا ہے۔ پاکستان کا یہ اقدام بھی لائق تحسین ہے کہ تمام دینی مدارس حکومت اپنی تحویل میں لے رہی ہے جس سے شدت پسند عسکری تنظیموں پر قابو پایا جاسکے گا۔ صدر ٹرمپ نے درست کہا ہے کہ بھارت نے دہشت گردی کی جنگ میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ بھارت دہشتگردی کی اس جنگ کیخلاف اپنا کیا کردا رادا کر سکتا تھا‘ وہ تو خود اس وقت سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے جس نے اس خطے بالخصوص پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلایا ہوا ہے جس کا بین ثبوت بھارتی جاسوس دہشت گرد کلبھوشن یادیو ہے جس نے نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی کرانے کا برملا اعتراف کیا بلکہ عالمی عدالت انصاف نے بھی کلبھوشن کو دہشت گرد قرار دیکر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ امریکہ کو پاکستان پر انگلی اٹھانے کے بجائے بھارت کو شٹ اپ کال دینی چاہیے جو اس وقت کشمیر میں دہشت گردی کے ساتھ پاکستان میں بھی آبی دہشت گردی کا بھی مرتکب ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز بھارتی وزیر آبپاشی نے کہا ہے کہ پاکستان جانیوالے پانی کا رخ موڑنے پر کام کررہے ہیں۔عالمی برادری کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے۔ رہی بات افغانستان میں موجود دہشت گردوں کیخلاف لڑنے کی تو پوری دنیا جانتی ہے کہ افغانستان میں بھارت ہی کے تربیت یافتہ دہشتگرد موجود ہیں۔ پاکستان تو اپنے حصے کی لڑائی لڑ رہا ہے‘ اس نے افغانستان میں بھی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرکے خطے میں امن پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات میں کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔