جانے کس جرم کی پائی ہے سزا
مکرمی! 20 اگست 2019ء کو نوائے وقت کے اندرونی صفحہ پر مسلم لیگی رہنما کا مضمون پڑھنے کو ملا۔ حیرت ہے کہ یہ نام نہاد سیاستدان عوام کو اتنا بیوقوف سمجھتے ہیں۔ موصوف کے دورِ حکومت میں ایڈن ہائوسنگ کے ڈائریکٹر اور ان کی فیملی عوام کے دس ارب سے زائد روپے لوٹ کر کینیڈا فرار ہو گئے۔ آپ عوام کو جواب دیں کہ آپ نے مظلوم لوگوں کی کیا مدد کی؟ ہزاروں خاندانوں کی بددعائیں ہیں دوم، آپ نے جی بلاک اور ایچ بلاک ماڈل ٹائون کے ایک وسیع علاقے کی سڑکوں اور راستوں کو سیکورٹی کے نام پر عرصہ دس سال تک عوام کے لیے بند کیے رکھا۔ کیا آپ کو عوام کی تکلیف کا اندازہ تھا، کوئی احساس تھا؟ سوم، آپ کے دورِ حکومت میں ایم بلاک ماڈل ٹائون کے ایک دینی مدرسے میں درجن سے زائد نہتے لوگوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا جن میں عورتیں اور بوڑھے لوگ بھی شامل تھے۔ آپ نے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اورمظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے کیا اقدامات اٹھائے؟ پوچھتے ہو کہ کس جرم کی پائی ہے سزا؟ (ڈاکٹر محمد سلیم ماڈل ٹائون لاہور)