مصر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے حج سیزن کے آغاز سے متعلق کچھ نئی ویزا پابندیاں جاری کی ہیں، جو آج سے نافذ ہو گئی ہیں اور حج کے اختتام تک جاری رہیں گی۔بیرون ملک قونصل اور مصری شہریوں سے متعلق امور کے لیے وزیر خارجہ کے معاون نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکام نے اس دوران مملکت میں داخلے کے لیے جو ہدایات جاری کی ہیں، ان میں مصری شہریوں سے متعلق اہم نکات درج ذیل ہیں۔مکہ مکرمہ میں داخلہ 23 اپریل سے 11 جون تک ممنوع ہو گا خواہ کوئی سعودی عرب میں مقیم ہی کیوں نہ ہو، البتہ تین صورتوں میں اس کی اجازت ہو گی :جن کے پاس حج کا باضابطہ اجازت نامہ ہو،
جن کے پاس مکہ مکرمہ کا اقامہ ہو،یا جو خصوصی اجازت نامے کے تحت مکہ میں کام کر رہے ہوں۔عمرہ ویزا والوں کے لیے 13 اپریل کے بعد سعودی عرب میں داخلہ بند ہو چکا ہے۔ جو افراد پہلے سے موجود ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ 29 اپریل سے پہلے مکہ اور سعودی عرب چھوڑ دیں۔فیملی وزٹ ویزا والوں کے سعودی عرب میں داخلے پر کوئی پابندی نہیں، لیکن انھیں 23 اپریل سے 11 جون تک مکہ مکرمہ جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔سیاحتی ویزا، جو صرف شینگن یا امریکی ویزا رکھنے والوں کو سعودی عرب کی سرحدوں پر ملتا ہے، اس پر مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع ہے، اگرچہ سعودی عرب میں داخلہ ممکن ہے۔جو لوگ ممنوعہ مدت میں مکہ میں داخل ہوں گے، انہیں قانونی کارروائی اور ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا۔ٹرانزٹ ویزا (عارضی قیام کے لیے) صرف سعودی فضائی کمپنیوں (سعودیہ، فلائناس، ادیل) کے ذریعے دستیاب ہے، یہ مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت نہیں دیتا۔ اس ویزے کی زیادہ سے زیادہ مدت 96 گھنٹے ہے، اور مسافر کو کسی تیسرے ملک کی طرف روانہ ہونا ضروری ہے۔ یہ ویزا جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کے علاوہ باقی تمام ایئرپورٹس پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔مصری وزیر خارجہ کے معاون کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اگر عمرہ ویزا رکھتنے والا کوئی شخص 29 اپریل کے بعد بھی سعودی عرب میں موجود رہا تو اس پر 50,000 ریال جرمانہ، 6 ماہ قید اور ملک بدری کی سزا کا سامنا ہو گا۔اسی طرح اگر کسی ٹور آپریٹر ایجنسی نے اپنے کسی زائر کے سعودی عرب سے نہ نکلنے کی اطلاع نہ دی تو اس پر 100,000 ریال جرمانہ ہو گا۔ ہر غائب شخص پر الگ سے جرمانہ عائد ہو گا۔مصری وزارت خارجہ نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ سعودی ویزے کی شرائط پر سختی سے عمل کریں تاکہ قانونی مسائل سے بچ سکیں۔مصر میں حکومت نے غیر قانونی حج کمپنیوں کے خلاف مہم تیز کر دی ہے، تاکہ پچھلے سال کے واقعات نہ دہرائے جائیں، جب بغیر ویزا یا قرعہ کے ... حج کی آڑ میں کئی مصری شہری وفات پا گئے تھے۔مصری وزارت داخلہ نے بدھ کے روز ایک کمپنی کو ضبط کیا ہے جو بغیر لائسنس کام کر رہی تھی۔ یہ کمپنی حج اور دیگر سیاحتی اسفار کے جعلی پروگراموں کے لوگوں سے پیسے لوٹ رہی تھی۔گذشتہ برسوں میں "حج پروگراموں کی جعلی کمپنیوں" کا نیٹ ورک نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے، جو سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوؤں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتی ہیں۔یہ کمپنیاں عوام کی لا علمی کا فائدہ اٹھا کر انہیں وزٹ ویزا پر سعودی عرب بھیجتی تھیں تا کہ وہ وہاں جا کر حج کر سکیں، جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔وزارت داخلہ نے اب تک 3,000 سے زیادہ غیر قانونی کمپنیوں کے مالکان، بروکروں اور جعل سازوں کو گرفتار کیا ہے، اور یہ مہم ابھی جاری ہے۔
سعودی عرب میں آج سے حج سیزن کے اختتام تک نئی پابندیاں نافذ ، مصر کا عوام کو انتباہ
Apr 24, 2025 | 14:08