راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام سید تصدق حسین کی اسلامی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ممتازاوربین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط رشیدبٹ نے نمائش کا افتتاح کیا۔ ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے خطاط سید تصدق حسین کے مختلف رسم الخط پر مبنی 30 سے زائدخوبصورت فن پارے آرٹ گیلری کی زینت بنے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئرخطاط رشیدبٹ کا کہنا تھا کہ فن ِخطاطی مسلمانوں کا تاریخی ورثہ ہے جس کو ملک کے مایہ ناز خطاط حضرات نے اپنے شاہکار فن پاروں میں محفوظ کیا ہے جو کہ ان کی گہری دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیدتصدق حسین کے کام کی تعریف کی اورپہلی نمائش کے انعقادپرانہیں مبارکباددی۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل راولپنڈی ڈویژن سجادحسین نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ آرٹ کی ترویج و ترقی ہمارا طرہ امتیاز ہے جس کا مقصد فن کے فروغ کے ساتھ ساتھ فن کاروں کی حوصلہ افزائی بھی ہے ۔ تقریب میں میاں گروپ آف انڈسٹریزکے سی ای او میاں عثمان، ڈپٹی ڈائریکٹرشکوراحمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرسرفرازخان ، آرٹسٹ ، طلبا اور فیملیز نے شرکت کی۔ خطاطی کی یہ منفرد نمائش چار دن تک جاری رہے گی۔
آرٹس کونسل کے زیراہتمام سید تصدق حسین کی اسلامی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش
Apr 24, 2025