اسلام آباد (خبرنگار) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کے معاملہ کی تحقیقات اور حج آپریشن کو ڈی ریل کرنے کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کردی جو تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔ کمیٹی نے سرکاری حج سکیم کے تحت مشیر سروسز کے اجرا کے عمل کا جائزہ لیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ سعودی حکومت نے حج آپریشنز کے بہتر انتظام کے لیے کلسٹر سسٹم متعارف کرایا جس کی وجہ سے 900 آپریٹرز کو 41 تک محدود کر دیا گیا۔ سروس پرووائیڈر کے معاہدے کو عملی جامہ نہ پہنانا اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کے ساتھ حج پیکج کو معقول بنانا، پرائیویٹ آپریٹرز کی بکنگ بڑی وجوہات ہیں۔ سیکرٹری مذہبی امور نے بتایا کہ وزیر اعظم نے بھی اس عمل پر تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے نتیجے میں تقریباً 75 ہزار حجاج حج کی ادائیگی سے محروم ہو گئے تھے اور ذمہ داری کے تعین کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو تحقیقات کرکے حج آپریشن کو پٹری سے اتارنے میں ملوث افراد اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
پرائیویٹ حج سکیم کے معاملہ کی تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی قائم
Apr 24, 2025