اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان آج جنوبی وزیرستان کادورہ کریں گے۔وزیراعظم محسودقبائل کےجرگہ اور وانااسٹیڈیم میں عوامی اجتماع سےبھی خطاب کریں گے۔عمران خان کی طرف سے اس موقع پرکئی ترقیاتی منصوبوں کااعلان متوقع ہے۔ادھرعلاقے کے قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کے دورے کاخیرمقدم کیاہے۔انہوں نے عمران خان کاگرمجوشی سے استقبال کرنے اورجلسہ عام میں بڑی تعداد میں شرکت کا فیصلہ کیاہے۔وزیراعظم اس سے قبل باجوڑ،خیبراوراورکزئی کے اضلاع کادورہ کرچکے ہیں۔انہوں نے اس موقع پرقبائلی عوام کی فلاح کے لئے ترقیاتی منصوبوں کااعلان کیاتھا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے19اپریل کو اورکزئی میں بھی عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو بھی وزیرکام نہیں کرے گا، اسے تبدیل کریں گے کیونکہ میچ جیتنے کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کرنی پڑتی ہیں۔اورکزئی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ٹیم کا بیٹنگ آرڈرتبدیل کرنا پڑتا ہے، اچھے کپتان نے میچ جیتنا ہوتا ہے اس لیے وہ اپنی ٹیم پر نظررکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی دفعہ اسے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنا پڑتا ہے، وزیراعظم کا مقصد ہوتا ہے کہ اپنی قوم کو میچ جتواوں، میں اللہ کو جوابدہ ہوں کہ میں اپنے کمزور لوگوں کو اٹھاوں۔ میں نے اسی لیے ٹیم میں تبدیلی کی ہے، آگے بھی کروں گا۔عمران خان نے کہا اس وزیر کو لے کرآوں گا جو عوام کے لیے کام کرے گا۔ ملک کا سربراہ ہونا بہت بڑی ذمہ داری ہے۔عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائل کا بہت نقصان ہوا، جتنا میں قبائلیوں کو جانتا ہوں اتنا کوئی نہیں جانتا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر اکسانا اور پھر کوئی حل نہ پیش کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے رجسٹریشن کی ہوئی ہے جن کے گھر تباہ ہوئے انہیں پیسے دیں گے اور خیبرپختونخوا کی حکومت پوری پوری مدد کرے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت اورکزائی میں سیاحت کو فروغ دیں گے جس سے نوجوانوں کو روزگار ملےگا، ہماری 60 فیصد آبادی نوجوان ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کی قبائلی علاقوں کو اوپر اٹھائیں اور نوجوانوں کو روزگار دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں نے چالیس سال لوگوں نے جنگ دیکھی ہے، میں ان کے لیے امن کی دعا کرتا ہوں، اور کوئی مشورہ نہیں دوں گا کہ وہ کہتے ہیں مداخلت کرتے ہیں، شوکت خانم کو بھی کہوں گا کہ وہ افغانستان میں علاج کے لیے وہ بھی کچھ انتظام کرے۔