وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے ادویات کی قیمتوں میں حقیقت پسندانہ کمی کی ہدایت کی ہے۔اطلاعات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لئے دواسازکمپنیوں کے نمائندوں اوردیگرمتعلقہ فریقوں کے ساتھ جلد ایک اجلاس ہوگا۔انہوں نے کہاکہ صحت کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹرظفراللہ مرزا نے کابینہ کوادویات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کویہ ہدایت بھی کی کہ وہ عوام دوست پالیسیاں بنائیں اورانہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم مشیرخزانہ ڈاکٹرحفیظ شیخ کی سربراہی میں ان کی اقتصادی ٹیم کو عوام دوست بجٹ بنانے کاہدف دے چکے ہیں۔کابینہ نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اورذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں پرنظررکھنے کابھی فیصلہ کیا۔وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مقامی صنعت کے تحفظ کے لئے چین کے ساتھ ایک بہترآزادانہ تجارتی معاہدے پردستخط کئے جائیں گے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024