ٹوکیو: پاکستان میں وسیع مواقع موجود ہیں، جاپانی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں: شاہ محمود
ٹوکیو (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور جاپانی کمپنیاں آئی ٹی، چھوٹی اور درمیانی سطح کی صنعتوں اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین جاپان پاکستان بزنس کوآپریشن کمیٹی کی طرف سے ٹوکیو میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر کہی ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت امن و استحکام، تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کو پیش نظر رکھتے ہوئے، اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جاپانی کمپنیاں آئی ٹی، چھوٹی اور درمیانی سطح کی صنعتوں اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم جاپان کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کریں۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو جاپانی پارلیمنٹ میں جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے ممبران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر جاپان پاکستان پارلیمنٹری فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سشرو ایٹو نے کہا کہ جلد پاکستان سے پارلیمانی وفد جاپان کا دورہ کرے گا۔