سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر،اپوزیشن کا آج اسمبلی میں شدید احتجاج کا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ متحدہ اپوزیشن نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شدید احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، مسلم لیگ (ن) ہر روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے نصف گھنٹہ قبل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائے گی جس میں اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی ذرائع کے مطابق منگل کو بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے سپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ قائم کیا اور خواجہ سعد رفیق کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا تقاضا کیا لیکن وعدے کے باوجود سپیکر نے تاحال پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا دکھائی دیتا ہے پروڈکشن آرڈر کے اجرا ء میں حکومت حائل ہو گئی ہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں آخری دنوں میں پروڈکشن آرڈر جاری کر کے اشک شوئی کرنے کی کو شش کی جائے گی انہوں نے کہا حکومتی طرز عمل پارلیمنٹ کی کارروائی پر امن طور چلانا نہیں چاہتی اس لئے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے دے رہی بہر حکومت یہ طرز عمل مہنگا پڑے گا ۔