کراچی ڈی ایچ اے کرپشن کیس: 5 ملزمان کا عدالت سے 27 اپریل تک راہداری ریمانڈ
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب)نے کراچی ڈی ایچ اے کرپشن کیس میں گرفتار5ملزمان کا احتساب عدالت سے 27اپریل تک راہداری ریمانڈ حاصل کر لیاہے ۔ نیب نے ملزمان نذیر جوکھیو ، محمد اقبال جوکھیو ، غلام دستگیر جوکھیو ، امام بخش اور میاں بخش کو احتساب عدالت نمبر1کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کر کے14روزہ ریمانڈ دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا جہاں سے انہیں گرفتار کیا گیا نیب کراچی سے ان کے وارنٹ جاری کئے جا چکے ہیں اور اب انہیں وہاں پیش کرنا ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کو کیسے لے جانا ہے اس پر نیب کی طرف سے بتایا گیا کہ بائی ایئر لے کر جائیں گے جو بھی پہلی فلائٹ ملے گی جس پر عدالت نے پوچھا کہ جہاز پر لے جائیں گے تو جہاز کا ٹکٹ کون دے گا ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سرکار ٹکٹ دے گی عدالت نے پانچوں ملزمان کو27اپریل تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کو حیدر آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے ۔