گورنر سے صمصام بخاری، محمود الرشید اور حافظ ممتاز کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی وزراء سید صمصام بخاری، میاں محمود الرشید اور حافظ ممتاز نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔ گورنر پنجاب بھاٹی گیٹ میں بلڈنگ گرنے سے ایک خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونیوالے افوسناک واقعہ پر متاثرہ کے خاندان کے ورثاء سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت نہ صرف ان کے گھر دوبارہ تعمیر کر دے گی بلکہ متاثرہ خاندان کی مکمل مالی مدد کی جائیگی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ کبھی کہا جاتا ہے وزیراعظم نے مجھے طلب کر لیا ہے اور کبھی کہتے ہیں وزیراعظم عمران خان نے ملاقات نہیں کی جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماضی کے حکمرانوں نے قوم سے وعدے بہت کئے مگر عملی طور پر ان کی کارکردگی زیرو رہی ہے جس کی وجہ سے لاہور جیسے مرکزی شہر میں بھی لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔