عامر احمد چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ تعینات
اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کرتے ہوے ٔ عامر احمد کو وزارت مذہبی امو ر قومی ہم آہنگی ڈویژن کے ماتحت ادارہ متروکہ وقف املاک بورڈ کا فوری طور پر چیئرمین لگادیاہے،ملٹری لینڈ کنٹونمینٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ بائیس کے سپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن حامد ہارون کو وزارت پوسٹل سروسز کا سیکرٹری لگادیاہے، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ گریڈبائیس کی سپیشل سیکرٹری پیٹرولیم ناہید ایس درانی کی خدمات فوری طور پر حکومت سندھ کے سپرد کردی ہیں،پولیس سروس آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے گریڈ بیس کے وزارت داخلہ میں تعینات ڈی جی میڈیا سکندر حیات کو اسی وزارت کا جائنٹ سیکرٹری لگادیاہے،پولیس گروپ گریڈ اٹھارہ کے تقرری کے منتظر کامران یوسف کی خدمات حکومت پنجاب کے سپرد کردی ہیں اوربے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعینات پولیس گروپ گریڈ اٹھارہ کی صباح ستار کی خدمات انٹیلی جنس بیورو کے سپرد کردی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں منگل کو باضابطہ نوٹیفیکیشنز جاری کردئیے گئے ہیں۔