نندی پور ریفرنس ،نیب نے مزید گواہ پیش کرنے کی استدعا کردی
اسلام آباد(نا مہ نگار) احتساب عدالت میں نندی پور ریفرنس میں بابر اعوان کی بریت کی درخواست پرنیب نے مزید دلائل اوراصل کیس میں مزید گواہ پیش کرنے کی استدعا کردی ہے،بابراعوان نے احتساب عدالت کوبتایا کہ جب منصوبے کی سمری وزارت قانون بھیجی گئی تب وہ وزیرقانون نہیں تھے۔منگل کواحتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے معاملے کی سماعت کی۔بابراعوان نے دلائل دیئے کہ وزارت قانون سے مکمل اختیارات بیرون ملک کی پرائیویٹ فرم کو دینے کی اجازت مانگی گئی تھی کس طرح ریاست کے مکمل اختیارات تھوڑی سی رقم کیلئے پرائیویٹ فرم کو دے سکتے تھے،وہ تب وزیر قانون نہیں تھے،اگر ہوتے بھی تو ایسی سمری منظورنہیں کرتے۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی بریت کی درخواست دی گئی اور فیصلہ بھی محفوظ ہوا لیکن پھردرخواست واپس لے لی گئی۔ملزم نے یہ بتانا تھا کہ سمری منظور کیوں نہیں ہوئی لیکن انہوں نے تو چارج شیٹ پڑھ کر سنا دی۔ابھی تو پراسیکیوشن اپنے گواہ پیش کر رہی ہے۔عدالت نے بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر سماعت 26اپریل اور اصل ریفرنس میں مزید گواہوں کو پیش کرنے کیلئے سماعت 6مئی تک ملتوی کر دی۔