فیسکو ریجن میں بجلی چوری پر قابوپا کر لائن لاسز کا ہدف حاصل کر لیا
لاہور(نیوزرپورٹر)چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے کہا ہے کہ ریجن بھر میں بجلی چوری پر قابوپا کر نیپرا کا لائن لاسز کا ہدف حاصل کر لیا ہے لاسز تاریخی طور پر کم ہونے کی وجہ سے فیسکو ریجن کے تمام ایک ہزار سے زائد فیڈر کیٹگری ون میں آگئے ہیں ۔کیٹگری ون کے تمام فیڈرز لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہوں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فیسکو واحد تقسیم کار کمپنی ہے جس کے تمام فیڈرز کم لاسز کی وجہ سے کیٹگری ون میں شامل ہیں۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو نے مزید کہا کہ فیسکو کا بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور اس مکروہ قومی جرم کے خلاف جاری مہم میں 9ہزار سے زائد بجلی چوری کے کیسز پکڑے گئے ہیںجن میں سے 22سو بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ ان بجلی چووں سے 180ملین روپے جرمانہ وصول کر لیا گیا ہے بجلی چوری کی مہم میں فیسکو کی ریکوری کی شرح تمام تقسیم کار کمپنیوں میں نمبر ون ہے ۔ فیسکو میں لائن لاسز میں تاریخی کمی اور نیپرا ہد ف سے بھی کم کرنے میں فیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ، تمام ملازمین اور افسران کا بھرپور کردار ہے ۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) جی ایس ای سٹاف نے کمپنی کے سب سے بڑا گرڈسٹیشن 132کے وی سمندری روڈپر ٹوئن بنڈل (Twin Bundle)بس بار کی تنصیب کا 60فیصد کام 10گھنٹوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے گرڈ کا دورہ بھی کیااور جاری کام کا معائنہ کیا۔ فیسکو میں پہلی بار کسی گرڈسٹیشن پر ٹوئن بنڈل بس بار ڈالی گئی ہے ۔