نیشنل انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ پشاور کے وفدکی لاہورچیمبرکے عہدیداروں سے ملاقات
لاہور(کامرس رپورٹر) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ، پشاور کے 23رکنی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی اور صوبائی پالیسی سازی میں چیمبر کے کردار، ٹیکسٹائل سیکٹر، بین الاقوامی مارکیٹ پاکستانی مصنوعات کی کمی کی وجوہات، فارما سیکٹر، سی پیک میں چیمبر کا کردار اور دیگر کئی موضوعات پر تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ وفد کی سربراہی انسٹی ٹیوٹ کے چیف انسٹرکٹر مرزا خالد امین نے کی جبکہ لاہور چیمبر کے سابق صدر طارق حمید، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ارشد خان و دیگر بھی موجود تھے۔مرزا خالد امین نے کہا کہ پاکستان دنیا میںسب سے زیادہ زکوٰۃ و خیرات دینے والے ممالک میں سے ایک ہے مگر ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے ہم بے حد پیچھے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں سینئر نائب صدر لاہور چیمبر خواجہ شہزاد ناصر نے کہا کہ لاہور چیمبر پالیسی سازی میں مسلسل حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور تجاویز پیش کرتا رہتا ہے۔پنجاب کے فوکل چیمبر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ رواں سال لاہور چیمبر نے پنجاب بھر کے چیمبرز کی میٹنگ کال کی اور بجٹ تجاویز کے حوالے سے مشترکہ علامیہ جاری کرتے ہوئے پنجاب کے چیمبرز کی نمائندگی کی۔