پوری کوشش ہو گی کہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے: خورشید شاہ
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عام انتخابات جلد از جلد ہونے چاہیئں،نگران وزیراعظم کے نام پرپارٹی قیادت سے مشاورت نہیں ہوئی، پارٹی میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی موجودگی میں مشاورت کی جائے گی۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ نگران وزیراعظم نیوٹرل ہو،اس کا تعلق کسی پارٹی سے نہ ہو، پاکستان میں ہر آدمی کا کسی بھی پارٹی سے الحاق ضرور ہے،ملحق ہونا اور بات ہے ، کسی بھی پارٹی کا عہدے دار ہونا الگ بات ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ نگران وزیراعظم نیوٹرل ہو اور انتظامیہ میں ایگزیکٹو کام کر چکا ہو،جانے پہچانے اور تجربہ کار شخص کو ترجیح دی جائے گی، پوری کوشش ہو گی کہ میرے اور وزیراعظم کے درمیان نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے۔ خورشید شاہ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامید ہوں کہ نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق ہو جائے گا۔