خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ، وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کیلئے بھیجی سمری پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دستخط کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گذشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش نہیں کرے گی اور یہ اگلی حکومت کا کام ہے کہ وہ 5 سال کا بجٹ بنا کر پیش کرے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے 14 مئی کو بجٹ پیش کرنے کے لیے اجلاس طلب کرلیا ہے جس کی تصدیق سیکریٹری خزانہ شکیل قادر کی جانب سے بھی کی گئی ہے ، وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پہلے وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے لیے سمری بھیجی گئی تھی جس پر انہوں نے بجٹ پیش کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم گذشتہ روز ایک بار پھر بھیجی گئی سمری پر وزیراعلی نے دستخط کردیئے ہیں۔خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بجٹ پیش کرنے کے لیے 14 مئی کو بجٹ اجلاس طلب کرلیا ہے جس کے لیے اپوزیشن سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن سے رابطے کے لیے اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے، کوشش ہے کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر بجٹ پیش کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسمبلی توڑنے کا تاثر درست نہیں، وزیراعلی پرویز خٹک کی خواہش ہے کہ اسمبلی مدت پوری کرے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024