ایم ڈی اے کی پری بجٹ میٹنگ سفارشات اور تجاویز پیش
ملتان (خبر نگار خصوصی) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا رضوان قدیر کی سربراہی میں ایم ڈی اے کی پری بجٹ میٹنگ کا انعقاد ہوا اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے میاں صلاح الدین‘ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ خالد جاوید‘ ڈائریکٹر انجینئرنگ نذیر احمد چغتائی‘ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ موسیٰ خان‘ ڈائریکٹر اربن پلاننگ چودھری اصغر‘ ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ جاوید احمد قریشی اور تمام ڈپٹی ڈائریکٹر شریک تھے اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کے سلسلے میں سفارشات اور تجاویز پیش کی گئیں جس میں جاری اخراجات کا تخمینہ 927.971 ملین اور ذاتی سکیموں جس میں فاطمہ جناح فیزI‘ فیزII ملتان ماڈل ٹاؤن اور پرانی تکمیل شدہ ہاؤسنگ سکیمیں شامل ہیں۔ نیز گورنمنٹ فنڈڈ سکیمیں جس میں میٹرو ملتان‘ ڈیرہ اڈا چوک سے ایم ڈی اے چوک تک سڑک کشادگی‘ شمس آباد چوک سے رشید آباد چوک تک سڑک کشادگی‘ ڈیرہ اڈا چوک سے عزیز چوک تک روڈ ورک‘ نادرن اور سدرن بائی پاس کے بقایا ترقیاتی کام مکمل کرنے کے لئے 2822.249 ملین روپے تجویز کئے گئے ہیں۔