شیخوپورہ : 30 ہزار رشوت نہ دینے پر پولیس اہلکار کا بزرگ پر تشدد، بازو اور پائوں کی ہڈی توڑ دی، 7 گھنٹے ہتھکڑی باندھ کر حوالات میں کھڑے رکھا
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) تھانہ سٹی بی ڈویژن کے اے ایس آئی نے 30 ہزار روپے مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر بزرگ شہری پر تشدد کرتے ہوئے اسکے بازو اور پائو ں کی ہڈی توڑ ڈالی اور باریش شخص کو 7 گھنٹے تک ہتھکڑی سے باندھ کر حوالا ت میں کھڑے کئے رکھا۔ بزرگ شخص کی ریڑھی کیساتھ کسی شہری کی گاڑی ٹکراگئی تھی۔ تھانیدار نے کار سوار شخص سے مٹھی گرم ہونے پر باریش شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسکی رہائی کے عوض 30 ہزار روپے رشوت کا تقاضا کیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ایس پی کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا جبکہ دوسری طرف اسی تھانیدار نے گزشتہ محلہ غریب آباد میں ایک غریب خاتون کے گھر پر دھاوا بول دیا اور وہاں سے 25 ہزار روپے نقدی اور دیگر ساما ن اٹھا کر لے گیا۔ تھانیدار نے الزام عائد کیا کہ خاتون کا بیٹا منشیات فروشی کرتا ہے اس لئے ریڈ کیا، پیسے اٹھانے کا الزام بے بنیاد ہے۔