گجرات: خاندان میں شادی سے انکار‘ اٹلی پلٹ لڑکی کے قتل کا مقدمہ باپ بیٹے اور چچا پر درج
گجرات (نامہ نگار) اٹلی پلٹ لڑکی کو قتل کئے جانے کے انکشاف پر تھانہ کنجاہ میں باپ بیٹے چچا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ کنجاہ پولیس کے مطابق نواحی موضع منگووال کے اٹلی میں رہائش پذیر غلام مصطفیٰ کی اٹالین پلٹ 26 سالہ بیٹی ثناء چیمہ کو اٹلی میں شادی کی خواہش کا اظہار کرنے اور خاندان میں شادی سے انکار پر باپ غلام مصطفیٰ نے بھائی مظہر اقبال اور بیٹے عدنان مصطفی کیساتھ ملکر 3 ماہ قبل بہانے سے پاکستان بلا کر قتل کر دیا اور ٹریفک حادثے میں اسکی ہلاکت قرار دیکر اسے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا۔ مقتولہ اٹلی میں ٹرانسلیشن اور ڈرائیور انسٹرکٹر کے شعبہ میںفرائض سرانجام دے رہی تھی۔ تھانہ کنجاہ کا کہنا ہے کہ اٹلی اور پاکستان کے سوشل میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او گجرات بشیر چیمہ کی ہدایت پر تھانہ کنجاہ نے ایس ایچ او وقار احمد کی رپورٹ پر باپ بیٹے ، چچا کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا تاہم حقائق قبرکشائی ، پوسٹمارٹم بعد ہی سامنے آئیں گے ۔