اسلام آباد ملازمت کیس، کوٹہ مختص نہ کرنے پر عدالت عالیہ کی برہمی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوںمیں اسلام آباد کے مکینوں کے کوٹے کے مقدمے کی سماعت اسٹیبلشمنٹ ڈویثرن کی درخواست پر ایک دن کے لیے ملتوی کردی ہے عدالت نے اسلام آباد کا کوٹہ مختص نہ کرنے کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے قیام کو 56 برس ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد کے شہریوں کو ملازمتوں میں کوٹہ نہیں دیاجارہاہے اگر حکومت نے وفاق کا الگ کوٹہ تفویض نہ کیا تو ایف پی ایس سی کے تحت ہونے والی بھرتیاں روک دیں گے یہ ریمارکس عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایف پی ایس سی میں اسلام آباد کے کوٹے کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران دئیے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار سیدہ فارین کی جانب سے راحیل نیازی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایف پی ایس سی کے چئیرمین، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن و دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے عدالت کو بتایا گیاکہ ایف پی ایس سی کی ملازمتوںمیں اسلام آباد کا کوٹہ پنجاب کے ساتھ رکھا گیا ہے جس پر جسٹس شوکت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پنجاب والے صرف لاہور کو ہی پنجاب سمجھتے ہیں عدالت ایف پی ایس سی کے پورے پراسس کو معطل کر دیں تو پھر کام ہو جائے گا فاضل جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو الگ سے کوٹہ نہ دینا ظلم ہے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویثرن معروف افضل نے عدالت سے استد عا کی کہ عدالت ایف پی ایس سی کی کارروائی معطل نہ کرے ہم اس حوالے سے میکنزم تیار کرتے ہیں۔